ہکلاہٹ کا مذاق اڑانے پر عدنان صدیقی کی سرفراز سے معافی

نجی ٹیلی ویژن چینل کے لائیو رمضان شو کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ہکلاہٹ کا مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا صارفین کی سخت تنقید کا نشانہ بننے کے بعد بالآخر اداکار عدنان صدیقی نے لائیو پروگرام میں سرفرازاحمد سے معافی مانگ لی۔
واضح رہے کہ عدنان صدیقی نے اے آر وائے ڈیجیٹل کے گیم شو جیتو پاکستان لیگ میں ایک سیگمنٹ کے دوران سرفراز احمد کے بولنے کے انداز پر ہتک آمیز مذاق کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس پروگرام کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شو کے دوران سرفراز احمد کچھ بول رہے ہیں اور ہکلاہٹ کی وجہ سے انہیں مسئلہ ہو رہا ہے۔ اس دوران اداکار عدنان صدیقی ان کی بات کاٹ کر ان کے ہکلانے کی نقل اتارتے ہیں۔جس پر کئی لوگ ہنس پڑے جب کہ سرفراز احمد کچھ شرمندہ دکھائی دیے۔
پروگرام کے اس حصے کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی طرف سے اداکار عدنان صدیقی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کی حرکت کی مذمت کی گئی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس طرح لائیو ٹی وی پروگرام میں ایک قومی ہیرو کی اس طرح ہتک کرے۔ صارفین کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ مذاق کے نام پر چھوٹی حرکت کرنے پر عدنان صدیقی کو سرفراز احمد سے معافی مانگنی چاہیے۔
واقعہ کے بعد اگلے روز جب اسی پروگرام کا آغاز ہوا تو عدنان صدیقی نے سرفراز احمد سے لائیو پروگرام میں معذرت کی اور اپنے رویے پر ان کے اہل خانہ سمیت قومی کرکٹر کے مداحوں سے بھی معذرت کی۔
عدنان صدیقی نے سرفراز احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد سرفراز اور ان کے اہل خانہ کا دل دکھانا نہیں تھا تاہم وہ اپنے رویے پر سرفراز احمد، ان کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں سے معذرت خواہ ہیں۔ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ اداکار کی جانب سے معافی مانگے جانے پر سرفراز احمد نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عدنان صدیقی کا مذاق برا نہیں لگا اور نہ ہی ان کے دل میں ان کے لیے کسی قسم کی کوئی میل ہے۔ تاہم اسی دوران اینکر فہد مصطفیٰ نے ایک بار پھر سرفراز احمد کا مذاق اڑادیا۔ عدنان صدیقی کی جانب سے معافی مانگے جانے کے وقت اینکر فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی ان کے بڑے ہیں اور اگر وہ انہیں لائیو پروگرام میں تھپڑ بھی ماریں گے تو وہ برا نہیں منائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی طرف سے کہہ دیا کہ سرفراز احمد نے برا نہیں منایا اور اگر کوئی ایسی بات ہے تو پھر سے وہی والا مذاق کرتے ہیں اور پھر فہد مصطفیٰ نے ایک بار پھر سرفراز احمد کے بولنے کے انداز کی کاپی کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑایا جس پر صارفین نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے فہد مصطفی کو ایک بونگا انسان قرار دیا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عدنان صدیقی کو کسی ٹی وی پروگرام میں پیش آنے والے واقعے پر معافی مانگنی پڑی، حال ہی میں انہوں نے اینکر عامر لیاقت کے ایک ٹی وی پروگرام میں بھی شرکت کی تھی، جہاں پر متنازع اینکر نے بھارتی اداکارہ سری دیوی اور عرفان خان کی موت کو لے کر عدنان صدیقی کے ساتھ ایک مذاق کیا تھا۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ جو بھی اداکار آپ کے ساتھ کسی فلم میں کام کرتا ہے موت اس کو آ لیتی ہے۔
عامر لیاقت کو یہ نامناسب مذاق کرنے پر بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ عدنان صدیقی پر بھی کچھ تنقید ہوئی جس پر دونوں افراد نے بعد ازاں معافی مانگ لی تھی۔ بعد ازاں عامر لیاقت کی روش کو اپناتے ہوئے عدنان صدیقی نے قومی کرکٹر سرفراز حمد کا مذاق اڑا ڈالا جس کی وجہ سے نہ صرف انھیں سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ لائیو پروگرام کے دوران انھیں معافی بھی مانگنی پڑی۔
