ہیری، میگھن کی TV سیریز نے نیٹ فلکس پر دھوم مچا دی

برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے پرنس ہیری اور انکی اہلیہ میگھن کے بارے میں بنائی گئی نئی نیٹ فلکس سیریز نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے۔ ریٹنگز کے مطابق ہیری اینڈ میگھن نامی اس شو کی پہلی قسط لانچ کے پہلے روز 24 لاکھ لوگوں نے دیکھی۔

اکتوبر میں نیٹ فلکس اور ریٹنگز ادارے بارب کے درمیان معاہدے کے بعد سے یہ نیٹ فلکس کے لیے ایک دن کی سب سے بڑی آڈیئنس ہے، یہ ویورشپ ’دی کراؤن‘ نامی تازہ ترین سیریز کے پہلے دن کے اعداد و شمار سے دو گنا زیادہ ہے۔ ڈیوک اور ڈچز کی اس چھ قسطوں پر مشتمل سیریز کی بے حد تشہیر کی گئی تھی۔ اب اس کی تین قسطیں نیٹ فلکس پر دستیاب ہیں، پہلی قسط 24 لاکھ لوگوں نے، دوسری قسط 15 لاکھ لوگوں نے اور تیسری قسط آٹھ لاکھ لوگوں نے دیکھی ہے۔ اس کے مقابلے میں دی کراؤن کے پانچویں سیزن کی پہلی قسط کو اسکی لانچ کے دن 11 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا۔

یاد رہے کہ روایتی ٹی وی چینلز کے برعکس نیٹ فلکس اپنی ریٹنگز میں ان لوگوں پر توجہ دیتا ہے جو طویل عرصے تک کوئی شو دیکھیں۔ چنانچہ ہیری اینڈ میگھن اور دی کراؤن جیسے شوز طویل عرصے تک دیکھے جائیں گے۔

’ہیری اینڈ میگھن‘ میں اس جوڑے اور ان کے دوستوں کے انٹرویوز اور ان کی ویڈیو ڈائری شامل ہے جس میں پریس کے ساتھ ان کے مشکل تعلق، میگھن کے متعلق نسل پرستانہ مضامین کی اشاعت پر شاہی خاندان کے ردِ عمل اور دیگر موضوعات پر بات کی گئی ہے۔ نیٹ فلکس کی سیریز میں شہزادہ ہیری نے انٹرویو بھی دیا ہے۔ ہیری نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ منفی تجربہ ایسی چیز ہے جس کا سامنا ’سب کو کرنا پڑتا ہے، میری اہلیہ کو بھی اس سے گزرنا پڑا تھا۔ ہیری نے کہا اُنھیں فخر ہے کہ ان کے بچے مکسڈ نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ مگر جو بات ہم دونوں کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے وہ یہ کہ ہم وہ غلطیاں نہ دہرائیں جو ہمارے والدین نے کیں۔

نیٹ فلکس سیریز کے لیے دیے گئے انٹرویو میں سابقہ شاہی جوڑے نے دیگر شاہی شخصیات  بارے بھی بات کی۔ میگھن نے بتایا کہ جب میں ولیم اور کیٹ سے پہلی مرتبہ ملی تو وہ ڈنر کے لیے آئے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ میں نے پھٹی ہوئی جینز پہنی ہوئی تھی اور ننگے پاؤں تھی۔ میں ہمیشہ گلے لگنا پسند کرتی ہوں۔ مجھے یہ احساس نہیں ہوا تھا کہ بہت سے برطانویوں کو اس سے دھچکا لگتا ہے۔شاید میں نے یہ بہت جلد ہی سمجھنا شروع کر دیا تھا کہ باہر والا رکھ رکھاؤ اندر بھی جاری رہتا ہے۔

یاد رہے کہ ہیری اور میگھن 2020 میں شاہی خاندان کے سینئر ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہو گئے تھے، اب وہ کیلیفورنیا میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ اُنھوں نے برطانوی میڈیا میں نسل پرستانہ کوریج کو اس بڑے فیصلے کی ایک وجہ قرار دیا۔

Back to top button