یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض پارٹی رہنماؤں کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، البتہ اس فیصلے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنائے جانے کی خبریں گزشتہ کچھ روز سے گردش کر رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ انتخابات میں متوقع نشستیں حاصل کرنے کے بعد چئیرمین سینیٹ کےلیے یوسف رضا گیلانی کا نام دے گی۔ لیکن پارٹی سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کے اس فیصلے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے، الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق سینیٹ الیکشن کےلیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کےلیے شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کےلیے کاغذات نامزدگی 12 سے 13 فروری تک جمع کروائے جا سکیں گے، نامزد اُمیدواروں کے نام 14 فروری کو لگائے جائیں گے جس کے بعد سینیٹ انتخابات کےلیے اُمیدواروں کی جانب سے جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہوگی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ انتخابات 2021ء پی ٹی آئی کے 28 نشستوں کے ساتھ سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننےکا امکان ہے اور پیپلز پارٹی کے 19 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ مسلم لیگ (ن) کا 18 نشستوں کے ساتھ تیسری جماعت بننے کا امکان ہے۔
