یوٹیلٹی اسٹورز پر ریلیف پیکج میں فراڈ کا انکشاف

یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم کے ریلیف پیکج میں فراڈ کا انکشاف، رحیم یار خان ریجن میں آٹے کے سیکڑوں تھیلے بلیک میں فروخت کرکے سرکاری رجسٹر میں جعلی فروخت ظاہر کر دی گئی۔ اس فراڈ میں یوٹیلٹی اسٹورز کے کچھ افسران اور فلور ملز کے لوگ شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان ریجن میں آٹے کی فروخت میں گھپلوں کی شکایت موصول ہوئی ہیں، معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور زونل مینیجر سکھر کی سربراہی میں انکوائری شروع کروا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ 24 گھنٹوں میں موصول ہو جائے گی اور اس معاملے میں ملوث ملازمین کو معطل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم نے مہنگائی کے ستائے عوام کےلیے ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
جب کہ رواں ماہ وزیراعظم نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 7 ارب روپے کا پیکج اعلان کیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ 5 ماہ تک 2 ارب روپے ماہانہ اور مجموعی طور پر 10 ارب روپے کے پیکجز کا اعلان کیا تھا۔ ان پیکجز کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر فروخت ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
