چاغی،ریکوڈک پروجیکٹ سائٹ روڈ پرٹریفک حادثہ، 11 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک پروجیکٹ سائٹ روڈ پر شدید ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں،۔

ریکوڈک پروجیکٹ سائٹ روڈ پرحادثہ اس وقت پیش آیا جب پی ایس او کے آئل ٹینکر اور ایک مسافر گاڑی کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر گاڑی کا ڈرائیور، جس کا تعلق تفتان سے بتایا جاتا ہے، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد میں سے 10 غیر ملکی تھے جن کا تعلق ازبکستان سے تھا اور وہ ایران کی جانب سفر کررہے تھے۔ تصادم کے باعث مسافر گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو فوری طور پر نوکنڈی کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

ہسپتال حکام کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز منتقل کردیا گیا۔

 

Back to top button