خیبرپختونخوا میں پولیو کا 11 واں کیس رپورٹ

 خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو کا 11 واں کیس رپورٹ ہو گیا۔ ضلع ٹانک سے تعلق رکھنے والے 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

این آئی ایچ اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے جنوبی خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے ایک نئے پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، متاثرہ بچہ یونین کونسل ملازئی کا رہائشی ہے۔ اس نئے کیس کے بعد 2025 میں خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 11 ہو چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔

پولیو ایک خطرناک، متعدی اور لاعلاج بیماری ہے جو متاثرہ فرد کو زندگی بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے۔ اس مرض سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ یہ ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ہر مہم میں منہ کے ذریعے پلائی جانے والی پولیو ویکسین (او پی وی) دی جائے، اور بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کیا جائے۔

Back to top button