14سابق انٹرنیشنل کپتانوں کاعمران خان کےبہترعلاج کیلئےشہبازشریف کےنام خط

دنیائے کرکٹ کے 14 سابق کپتانوں نے سابق پاکستانی کپتان عمران خان کے بہتر علاج کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا۔
آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 14 سابق انٹرنیشنل کرکٹ کپتانوں نے پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر سابق کپتان عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس خط کا مسودہ سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے تیار کیا جس پر مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، مائیکل بریئرلی، این چیپل، بیلنڈا کلارک، سنیل گواسکر، ڈیوڈ گوور، کم ہیوز، ناصر حسین، سر کلائیو لائیڈ، کپل دیو، اسٹیف وا ور جان رائٹ کے دستخط موجود ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق حالیہ رپورٹس خصوصاً حراست کے دوران بینائی متاثر ہونے کی خبروں نے ہمیں شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی کرکٹ کے لیے خدمات کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ بطور کپتان انہوں نے پاکستان کو تاریخی 1992 ورلڈکپ میں فتح دلائی جس نے سرحدوں سے پار نسلوں کو متاثر کیا۔
سابق کپتانوں کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اُن کے خلاف کھیلا، اُن کے ساتھ میدان شیئر کیا، وہ کھیل کے بہترین آل راؤنڈرز اور کپتانوں میں شمار ہوتے ہیں اور کھلاڑیوں، شائقین اور منتظمین سب کی عزت کے مستحق ہیں۔
خط کے اختتام پر دستخط کنندگان نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری، مناسب اور مسلسل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
