15 اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 15 اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کے متاثرہ مریضوں میں ریکوری کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ سندھ میں 82 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں یہ تعداد بہت کم ہے۔ کورونا کے مریضوں کے جاں بحق ہونے کی شرح بھی سندھ میں تمام صوبوں سے کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا 15اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔ ہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے اور نہ ہی پرائیویٹ اسکول انتظامیہ کو یہ اجازت دیں گے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں دس سال تک کی عمر کے 3 ہزار 249 بچے کورونا سے متاثر ہوئے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ 12 سے 17 سال کی عمر کے ایک ہزار سے زائد نوجوان کورونا کا شکار ہوئے جب کہ 50 سال سے زائد عمر کے 22 ہزار 554 مرد و خواتین کورونا کا شکار ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا انفیکشن کی شرح کم ہونا شروع ہوئی ہے، حفاظتی تدابیر کے ساتھ کوشش کرنی ہے کہ عید پر کورونا کیسز میں اضافہ نہ ہو۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہری کورونا کے تدارک کےلیے ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے، جولائی کے دوسرے ہفتے سے ایس او پیز کے تحت فنی تعلیم اور مدارس کو امتحانات لینے کی اجازت ہو گی۔ عید کے بعد یونیورسٹیوں کو اختیار ہو گا کہ وہ 30 فیصد طلبہ کو ہاسٹلز میں رکھ سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر حالات موافق نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button