پرویزالہٰی کاعمران خان کو اپنے مشیروں سے محتاط رہنے کا مشورہ

تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما اورسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے مشیروں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیدیا.
ایک بیان میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے ممبران کو میڈیا میں جانے سے روکے جانے کی اطلاعات ہیں، تحریک انصاف کی طرف سے اپنے ممبران کو مخصوص ٹی وی چینلز میں نہ جانے کی اجازت دینے کے معاملے پر تشویش ہے، اس طرح تحریک انصاف اپنا نقطہ نظر متوازن طریقے سے عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی.
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے، وزیراعظم اور پی ٹی آئی کی قیادت سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہیں۔پرویز الٰہی نے حکومت کی جانب سے چند اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات بند کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات پر پابندی بظاہر پیکا آرڈیننس کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں، اسے مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
پرویز الٰہی نے کہا حیرانی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہاؤسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے، وزیراعظم نے مجھے میڈیا ہاؤسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈیننس کے حوالے سے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے۔
