منحرف ارکان صادق اورامین نہیں رہے، ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کے لیے دیا گیا وقت ختم ہوگیا، اور اب منحرف اراکین کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا گیا،وزیراعظم نے منحرف اراکین قومی اسمبلی کےجوابات مسترد کرتے ہوئے بطور پارٹی چیئرمین ان کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی ہے۔
پی ٹی آئی کے مشیر پارلیمانی اموربابراعوان اوایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی کی ملاقات ہوئی ،جس میں پی ٹی آئی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس تیار کیے گئے،منحرف ارکان کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کیساتھ بھجوائے جائیں گے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 63-اے (ون) کے تحت ریفرنسز تیار کیے گئے ہیں، وزیراعظم نے بے ضمیر اراکین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں،ملک کا دستور، اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے، ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے، ضمیر فروشی اور ہارس ٹریڈنگ جیسے سنگین دستوری جرم کے مرتکب اراکین صادق و امین بھی نہیں رہے۔
انہوں نے کہاوزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کرلیے ہیں، منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیئےجائیں گے۔

Back to top button