ترین گروپ کا وزیراعلیٰ کیلئے حمزہ کی حمایت کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ترین گروپ نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں اور گروپس کی ملاقاتوں اور جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار نے لندن میں ایک بیان کے دوران دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کے امیدوار برائے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین کے گروپ کی حمایت حاصل ہوگئی، ن لیگ کے سینئر رہنما ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جہانگیر خان ترین سے نتیجہ خیز بات چیت کا حتمی راؤنڈ ہوا۔
باہمی طور پر طے پایا کہ جہانگیر ترین کا گروپ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر حمایت کرے گا، وہ جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری علی محمد خان بھٹی کے مطابق سنیچر کو طلب کیے گئے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے شیڈول جاری کیا جائے گا۔
لیگی رہنما نے بتایا کہ اس کے بعد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے جبکہ سپیکر انتخاب کے وقت کا اعلان کرینگے، واضح رہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب میں اپنا امیدوار نامزد کیا جا چکا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزیراعلٰی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
