حکومت کا 20 منحرف اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے ریفرنس تیار

حکومت کی جانب سے 20 منحرف اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے ریفرنسز تیار کرلیا گیا ہے، اپوزیشن کیمپ میں شامل ہونے والے مخالفین کیخلاف ریفرنس کی وزیراعظم نے منظوری دی، پی ٹی آئی نے مخالفین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کیے، وزیراعظم نے تحریک انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے جمعہ کو منحرف اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ وضاحتوں کو غیرمعقول قرار دیا۔
یہ بیان پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی کے درمیان ملاقات کے بعد جاری کیا گیا جس میں وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ریفرنسز کی تیاری کیلئے مشاورت کی گئی، ریفرنس کے ہمراہ ہارس ٹریڈنگ کے دستاویزی ثبوت بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو فراہم کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم خان نے انہیں ’بے ایمان اراکین‘ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی، آئین پارلیمنٹیرینز سے ایماندار اور قابل اعتماد ہونے کا تقاضا کرتا ہے اور جو لوگ ‘ہارس ٹریڈنگ’ میں ملوث ہیں وہ صادق اور امین نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق نور عالم خان، ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلا، نواب شیر وسیر، راجا ریاض احمد، احمد حسین دہر، رانا محمد قاسم نون، عاصم نذیر، امجد فاروق کھوسہ، عامر لیاقت حسین، چوہدری فرخ الطاف، سید مبین احمد، سید سمیع الحسن گیلانی، محمد عبدالغفار وٹو، سید باسط احمد سلطان، عامر طلال گوپانگ، سردار ریاض محمود خان مزاری، رمیش کمار وانکوانی، وجیہہ قمر، نزہت پٹھان اور جویریہ ظفر کے خلاف ریفرنس دائر کیے جا رہے ہیں۔
اپوزیشن اراکین اور قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ قانون کے تحت ریفرنسز اسپیکر کو نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجے جانے چاہئیں۔

Back to top button