آج کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، ’ایبسولوٹلی ناٹ‘
پاک فوج نے سیاسی معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہوا، اس سے فوج کا کوئی تعلق نہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے غیررسمی گفتگو کے دوران کہا کہ جو لوگ فوج کو آج کے اقدامات سے جوڑ رہے ہیں وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ تو ادارے کا کوئی عمل دخل ہے نہ ہی کوئی تعلق ہے، انہوں نے ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کہتے ہوئے جواب دیا کہ آج کے اقدامات میں فوج کی رضا مندی شامل ہونے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلوں کو ریاستی اداروں کی تائید حاصل ہے ، غیر ملکی مداخلت پر پاکستان کی سالمیت کا سوال پیدا ہو جائے تو سب متحد ہیں، وزیر اعظم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے اور لڑائی گلی محلے تک پہنچ چکی ہے ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تو ایمرجنسی کی خواہش رکھتا تھا میری بات نہیں مانی گئی، یہ زبردست کام ہوا ہے، عمران خان کو اتنے ووٹ ملیں گے کہ لوٹے کی ضرورت نہیں پڑے گی ، اس کے علاوہ کوئی حل نہیں تھا ہمارے محلوں میں لڑائی شروع ہوگئی تھی، لوگ عمران خان کے ساتھ ایک دم نکل آئے تھے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہیئں۔