نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پرسماعت کل ہوگی

لاہور ہائیکورٹ مسلم لیگ ن کے قائد اورسابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کل کرے گی۔
عدالت عالیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقررکردی ہے، جس پر 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست 2019 میں شہباز شریف نے دائر کی تھی، جس پرلاہور ہائی کورٹ نے عبوری حکم کے تحت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے پانچ سوالات پوچھے تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ منگل کو کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار دونوں پاکستانی شہری ہیں اور پاسپورٹ کا حصول ان کا بنیادی حق ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کے دوران سوالوں کے جواب میں کہا تھا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی ہے، وہ علاج کے لیے بیرون ملک ہیں۔ ان کے پاسپورٹ کی تجدید ان کا حق ہے جسے روکنا زیادتی تھی۔

Back to top button