وزیراعظم، آرمی چیف کا دورہ شمالی وزیرستان ، سکیورٹی صورتحال پربریفنگ
وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان کا آج پہلا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یاد گار شہدا پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اورعلاقے میں جاری ترقیاتی کاموں اورسکیورٹی صورتحال پر بریفنگ لی۔
وزیراعظم شہبا ز شریف میرانشاہ پہنچے تو پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبا ز شریف نےیادگار شہدا کا دورہ کیا اور وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا ںذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔جس کے بعد کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کی کمر توڑنے کیلئے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر اپنی پاک فوج کا شکر گزار ہوں۔
اپنے دورہ شمالی وزیر ستان کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا اور علاقے کے پہلے دورہ پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عوض مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہاقبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔