کیا اداکارہ مایا علی اورعثمان بٹ نے شادی کرلی؟
بعض اوقات ڈراموں کو اتنے حقیقی انداز میں عکس بند کیا جاتا ہے کہ ناظرین اسے حقیقت سمجھنے لگتے ہیں، ایسا ہی کچھ معروف اداکارہ مایا علی اور اداکار عثمان خالد بٹ کے ساتھ بھی ہوا جب ڈرامے کی شوٹنگ میں بنائی گئی دونوں کی شادی کی تصاویر سامنے آنے پر ان کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی افواہیں پھیلائی گئیں، یہ تصاویر دیکھ کر تو اداکارہ مایا علی کی والدہ کو بھی شک ہوا کہ شاید ان کی بیٹی نے حقیقت میں شادی کر لی ہے۔
اداکارہ مایا علی اور عثمان خالد بٹ حال ہی میں ندا یاسر کے ’ٹی وی شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنے کیریئر سمیت ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر باتیں کیں، پروگرام کے دوران عثمان خالد بٹ نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ انہیں شرارتی لڑکیاں پسند ہیں اور اگر کوئی شرارتی لڑکی ان میں دلچسپی رکھتی ہے تو وہ شادی کے لیے حاضر ہیں۔ عثمان خالد بٹ نے بتایا کہ ان کا بچپن ان کی اُمیدوں کے برعکس بہت ہی بُرے حالات اور مسائل میں گزرا جبکہ مایا علی نے بتایا کہ وہ تاحال بچی ہیں، ان کا بچپن ابھی گیا ہی نہیں، دوران پروگرام مایا علی نے اپنے مرحوم والد کی باتیں بھی شیئر کیں اور بتایا کہ ہر خوشی کے موقع پر والد یاد آتے ہیں اور سب سے زیادہ انہیں بھائی کی شادی پر والد کی یاد آئی۔
پروگرام کے دوران ایک مداح کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عثمان خالد بٹ نے انکشاف کیا کہ حدیقہ کیانی اور بلال عباس کے مشہور ڈرامے ’دوبارہ‘ میں کام کرنے کے لیے پہلے انہیں پیش کش ہوئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا، اور اس پر انہیں پچھتاوا بھی ہے۔
اداکار کے مطابق انہیں بلال عباس کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی مگر چونکہ اس وقت وہ اپنے ڈرامے ’چپکے چپکے‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اس لیے کام کرنے سے معذرت کر لی تھی اور اب وہ اس پر پچھتاتے ہیں، اداکار نے ڈرامہ ’دوبارہ‘ کی تعریفیں کرتے ہوئے حدیقہ کیانی کی اداکاری کو سراہا، اسی شو میں ایک سوال پر مایا علی نے بتایا کہ ماضی میں جب 2013 میں ان کا اور عثمان خالد بٹ کا ڈرامہ ’’عون زارا‘‘ ریلیز ہوا تو ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں، عثمان خالد بٹ نے کہا کہ تب یہ افواہیں پھیلائی گئیں کہ نہ صرف ہم دونوں نے شادی کرلی ہے بلکہ ہمارے دو بچے ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ مایا علی کے مطابق انہیں تب حیرانی ہوئی جب ’عون زارا‘ کی شوٹنگ کی ایک تصویر دیکھنے کے بعد ان کی والدہ کو بھی شک ہو گیا کہ میں نے شادی کرلی ہے، تب میری والدہ نے مجھے فون کر کے جھاڑ پلائی تھی کہ تم نے عثمان نامی لڑکے سے شادی کیوں کی ہے اور مجھے کیوں نہیں بتایا؟ مایا کے مطابق میں نے والدہ کو بتایا کہ یہ ان کے ڈرامے کا پوسٹر ہے، اور انہوں نے عثمان سے شادی نہیں کی۔
خیال رہے کہ عثمان خالد بٹ اور مایا علی نے ’عون زارا‘ میں میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا تھا اور ان کی رومانوی جوڑی اور کہانی کو بہت پسند کیا گیا تھا، اس ڈرامے کو 2013 میں نشر کیا گیا تھا، ڈرامے کے علاوہ بھی دونوں اداکاروں نے چند ڈراموں میں ایک ساتھ کام کیا اور ان کی جوڑی کو سراہا جاتا رہا ہے۔