خود کو کینسر کا پتہ چلنے پر سنجے دت کا کیا ردعمل تھا؟


با رعب شخصیت کے حامل بھارتی اداکار سنجے دت کے بارے میں سوچنا بھی مشکل ہے کہ وہ کبھی روتے بھی ہوں گے، لیکن زندگی کے تلخ حقائق تگڑے سے تگڑے انسان کو رونے پر مجبور کر دیتے ہیں، بالی ووڈ سٹار سنجے دت کے ساتھ بھی یہ ہوا جب ڈاکٹر نے ان میں کینسر کی تشخیص کی تو ’’سنجو‘‘ دو گھنٹے تک روتے رہے۔
ایک انٹرویو کے دوران سنجے دت نے اس وقت کو یاد کیا جب انکو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ سنجے نے انکشاف کیا کہ وہ دو سے تین گھنٹے تک روتے رہے اور اپنے خاندان کے بارے میں سوچتے رہے، سنجو نے بتایا کہ سب سے بڑا سوال یہ تھا کہ مجھے کینسر کیسے لاحق ہوا، جب میری بہن نے مجھے بتایا کہ مجھے کینسر کا مرض لاحق ہو چکا ہے تو میں نے کہا ٹھیک ہے، مجھے کینسر ہے، اب کیا۔کروں؟ پھر میں نے اسے بتایا کہ آگے زندگی کی کیا منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ لیکن اسکے چلے جانے کے بعد میں دو سے تین گھنٹے تک روتا رہا کیونکہ میں اپنے بچوں اور بیوی کے بارے میں سوچ رہا تھا، پھر میں نے سوچا کہ میں کمزور ہونا چھوڑ دوں اور میں نے ایسا ہی کیا۔
62 سالہ اداکار نے اپنے علاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نے مجھے بتایا کہ تمہارے بال گر سکتے ہیں اور الٹیاں آ سکتی ہیں۔ میں نے ڈاکٹر کو کہا کہ مجھے کچھ نہیں ہوگا، میرے بال نہیں گریں گے، مجھے الٹیاں نہیں آئیں گی اور میں بستر پر نہیں پڑوں گا، اور ڈاکٹر مسکرانے لگ گئی۔ سنجے کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی کیمو تھراپی کروائی اور واپس آ گیا، میں نے موٹرسائیکل پر ایک گھنٹے کی سواری کی اور سائیکل چلائی، میں نے اس دن کے بعد ہر روز یہی کیا، ہر کیمو کے بعد میں نے ایسا کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ پاگل پن تھا، میں کیمو کے لیے دبئی جاتا تھا اور پھر بیڈمنٹن کورٹ جا کر دو تین گھنٹے کھیلتا تھا۔
واضح رہے کہ 2020 میں سنجے دت نے کہا تھا کہ وہ صحت کے مسائل کی وجہ سے کام سے وقفہ لے رہے ہیں، کچھ مہینوں بعد اپنے جڑواں بچوں کی 10 ویں سالگرہ پر سنجے دت نے اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ گزشتہ چند ہفتے میرے خاندان کے لیے بہت مشکل تھے لیکن جیسا کہ وہ کہتے ہیں، خدا اپنے بہادر سپاہیوں کو مشکل ترین لڑائیاں دیتا ہے اور آج اپنے بچوں کی سالگرہ کے موقع پر، میں جنگ میں فتح حاصل کر کے انہیں بہترین تحفہ دینے کے قابل ہوں۔سنجے دت کی آخری فلم ’کے جی ایف: چیپٹر ٹو‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ بنائے ہیں، ان کی آنے والی فلموں میں ’شمشیرا‘ اور ’پرتھوی راج‘ شامل ہیں۔

Back to top button