پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کو 6 مئی کیلئے طلبی نوٹس جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو 6 مئی کو طلب کر لیا ہے۔پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کو الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کسی رکن کے استعفی کا نوٹی فکیشن موصول نہیں ہوا، جونہی استعفوں کا کیس اسپیکر سے الیکشن کمیشن کو موصول ہو گا کمیشن قانون کے مطابق اس پر کارروائی کرے گا۔
یادر ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔
ادھر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی کے لیے افسران کو ذمہ داری سونپ دی جس کے مطابق الیکشن کمیشن سیکر یٹریٹ جانے کے لیے صرف دو انٹری پوائنٹس مارگلہ روڈ اور سرینا چوک استعمال ہوں گے۔
الیکشن کمیشن سرکلر کے مطابق مختلف پوانٹس پر 14 سینئر افسران سکیورتی کےمعاملات پر نظر رکھیں گے جبکہ الیکشن کمیشن کے سامنے گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی ہوگی، کوئی افسر بھی دفتری کارڈ کے بغیر سیکریٹریٹ میں داخل نہیں ہو سکے گا، تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اپنے دفاتر سے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن سیکیورٹی کے تمام صورتحال پر نظر رکھیں گے۔
