عمران خان کیخلاف بیٹی ٹیریان کا کیس کھولنے کی تیاری


معروف تحقیقاتی صحافی اعزاز سید نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف انکی ناجائز اولاد ٹیریان وائٹ کا کیس کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں کیونکہ یہ الزام ثابت ہونے پر انہیں نااہل قرار دیا جاسکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو پاکستانی سیاست میں تہلکہ مچ جائے گا۔ یہ کیس ملکی سیاست کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔
نیا دور ٹی وی کے پروگرام ”خبر سے آگے” میں گفتگو کرتے ہوئے اعزاز سید کا کہنا تھا کہ اس کیس پر کسی کی نظریں نہیں لیکن میں نے اڑتی اڑتی خبریں سنی ہیں کہ آئین کی شق 62 اور 63 کے تحت عمران خان کے صادق اور امین ہونے کے معاملے کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے جو اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران کیخلاف ٹیریا ن کیس کی بنیاد پر نا اہلی کی پٹیشن سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے دائر کی تھی جو کہ ابھی تک زیر التوا ہے۔ اب اطلاعات ہیں کہ اس کیس کو بعض لوگ چھیڑنے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹیریان اس وقت عمران کے دونوں بیٹوں کے ہمراہ جمائما کے زیر پرورش ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ ٹیریان عمران خان کی سابقہ گرل فرینڈ سیتا وائٹ کی اولاد ہیں جن کے انتقال کے بعد عمران کی خواہش پر جمائما نے گود لے لیا تھا۔
ٹیریان وائٹ کے بارے میں سیتا وائٹ کا دعویٰ تھا کو وہ عمران خان کی اولاد ہے لیکن عمران خان نے ہمیشہ اس سے انکار کیا۔ ماضی میں پاکستانی اخبارات نے اس بارے میں برطانوی اخبار مرر اور امریکی اخبار دی نیو یارک پوسٹ کی رپورٹیں چلائیں۔ ان خبروں کے مطابق سیتا وائٹ عمران خان کی گرل فرینڈ تھیں اور ان دونوں کی شادی کے بغیر محبت کے نتیجے میں ٹیریان پیدا ہوئی۔ سیتا وائٹ کی موت کیلیفورنیا میں سانتا مونیکا کی یوگا کلاس کے دوران ہوئی جو بیورلے ہلز میں ان کے شاندار مکان کے قریب میں واقع ہے۔ ان کی موت سے صرف چند ہفتے پہلے ہی انہیں آٹھ سال کی قانونی لڑائی کے بعد اپنے مرحوم باپ کی جائیداد سے ایک تصفیہ کے ذریعے تین ملین ڈالر کی رقم ملی تھی۔
سیتاوائٹ ایک یوگا اسٹوڈیو میں قدیم ورزشوں اور روحانی مشقوں کی تعلیم دیا کرتی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ ٹیریان کی شکل عمران سے بہت ذیادہ مشابہت رکھتی ہے۔ ویسے بھی سیتا وائٹ نے ٹیریان کو عمران خان کی اولاد ثابت کرنے کے لیے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں دعوی ٰدائر کیا تھا جس کا فیصلہ 1997 میں آ گیا تھا اور امریکی جج نے عمران خان کو لڑکی کا باپ قرار دیا تھا۔امریکی عدالت کے فیصلے اور ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق عمران خان ٹیریان کے والد ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی مرر کی سال 2018 کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان نے ٹیریان وائٹ کو اس لئے اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا کیونکہ پاکستان ایک قدامت پسند ملک ہے جہاں شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کو نہ تو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور نہ ہی خاندان میں اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔ اخبار نے مزید لکھا کہ ٹیریان وائٹ دراصل عمران کی جمائما سے شادی سے تین سال قبل پیدا ہوئی اور اب تک جمائما کے زیر کفالت ہے۔ اسکی والدہ سیتا وائٹ کی وفات کے بعد جمائمہ گولڈ سمتھ نے ٹیریان وائٹ کو گود لے لیا تھا۔ ٹیریان کی والدہ سیتا وائٹ نے اپنی زندگی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد ہر ممکن کوشش کی کہ کسی طرح عمران خان اس کی بیٹی کو اپنا لیں تاہم عمران خان کے ٹیرن کو بیٹی ماننے سے انکار پر سیتا وائٹ نے اس حوالے سے عدالت میں مقدمہ بھی دائر کیااور 7 سال بعد 2004ء میں امریکی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو ٹیریان کا باپ قرار دے دیا۔ اس مقدمہ کا فیصلہ آنے کے کچھ ہی دنوں بعد سیتا کی موت واقع ہو گئی۔ ٹیریان لندن میں جمائما کے ساتھ رہائش پذیر ہوتی ہے۔ ڈیلی مرر کے مطابق عمران کی سابقہ اہلیہ جمائما اور ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان کے ساتھ ٹیرن ایک فیملی کی طرح خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے اور انہوں نے انسٹا گرام پر اپنا ایک گروپ فوٹو بھی حال ہی میں شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بھائیوں کے ساتھ میکسیکو میں موجود ہیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ عمران تو آج بھی ٹیریان کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کرتے تاہم جمائما کھلے عام اسے اپنی سوتیلی بیٹی کہتی ہیں۔

Back to top button