خلیل قمر سے ماہرہ خان کی خاطر کون سا گناہ سرزد ہوا؟

اپنے عورت مخالف خیالات اور گندی گالیوں کی وجہ سے متنازعہ قرار پانے والے ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے اب پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان پر حملہ آور ہوتے ہوئے یہ بیان داغ دیا ہے ڈرامہ "صدقے تمہارے” میں انہیں کاسٹ کرنا ایک گناہ تھا جس پر ان کا ضمیر ساری زندگی انہیں ملامت کرتا رہے گا۔ یہ واحیات ردعمل خلیل الرحمن قمر نے تب دیا جب ماہرہ خان نے اپنے ایک پرانے اور مقبول ڈرامے ’’صدقے تمہارے‘‘ کا مختصر ویڈیو کلپ انسٹا گرام پر شیئر کیا۔
خلیل الرحمن قمر نے اداکارہ کی پوسٹ کو سکرین شاٹ کیساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ماہرہ خان کو اس ڈرامے میں کاسٹ کرنا ایک گناہ تھا جس پر وہ خود کو ساری زندگی ملامت کرتے رہیں گے۔
موصوف نے لکھا کہ میں نے ماہرہ خان کو صدقے تمہارے میں ایک اچھے کردار کے لیے کاسٹ کیا تھا لیکن ان کے ساتھ برا ہوا۔ ایک اور ٹوئٹ میں ماہرہ خان کی پرانی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے خلیل قمر نے لکھا کہ یہ اس عورت کا وہ ٹوئٹ ہے جو ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والے واقعے کے ایک دن بعد کیا گیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ ماہرہ کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے مگر اداکارہ کی زبان اور ان کا گھٹیا پن وہ کبھی بھی نہیں بھلا پائیں گے۔ یاد رہے کہ ماہرہ خان نے خلیل الرحمن قمر کی جانب سے ایک لائیو ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کو گالیاں دینے پر ان کی مذمت کی تھی۔ خلیل قمر نے ماہرہ خان کے خلاف ٹوئٹس ایک ایسے وقت میں کیں جبکہ انہوں نے انسٹاگرام پر صدقے تمہارے کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ انکا ڈرامہ یوٹیوب پر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صدقے تمہارے کو 2014 میں ریلیز کیا گیا تھا، جسے شائقین کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا۔ لوگوں نے سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی اداکاری کی تعریفیں کیں مگر خلیل الرحمٰن قمر نے ان کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔ اس سے قبل اپریل 2021 میں بھی خلیل قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹوئٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ کی یہ حرکت ’نامناسب اور چونکا دینے‘ والی تھی۔
خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈرامہ نگار پر خوب تنقید کی تھی، خلیل قمر پر تنقید کرنے والی شوبز شخصیات میں ماہرہ بھی شامل تھیں، جنہوں نے 4 مارچ 2020 کو ڈرامہ نگار کے خلاف ٹوئٹ کی تھی۔ ماہرہ نے خلیل قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ٹی وی سکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں، اداکارہ نے ڈرامہ نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہے جسے عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک نیا منصوبہ دیا جاتا ہے۔ خلیل الرحمن قمر ماہرہ خان کی یہ ٹویٹس اب تک نہیں بھلا پائے اور اب تک انہیں طعنے دے رہے ہیں۔
