’’وائٹ ہائوس‘‘ نواز الدین صدیقی کی پہچان کیوں بن گیا؟


1999 میں بالی ووڈ سہر سٹار عامر خان کی فلم ’’سرفروش‘‘ میں چھوٹے سے کردار سے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنیوالے بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے اب اپنے منفرد گھر کی وجہ سے بھی پہچان بنا لی ہے۔ معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے ’’ہیرو پنتی ٹو ‘‘ کی کاسٹ کو اپنے شو میں مدعو کیا تو نوازالدین صدیقی سے ان کے بنگلے کا قصہ بھی چھیڑ دیا۔
دی کپل شرما شو کے پرومو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام کے میزبان بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف، نواز الدین صدیقی، تارا سوتاریا اور فلم کے ڈائریکٹر احمد خان کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔شو میں کپل شرما نواز الدین صدیقی سے ان کے نئے گھر کے بارے میں بھی پوچھتے ہیں جو وائٹ ہاؤس کی طرح مکمل سفید رنگ کا ہے، شو کے کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپل شرما کہتے ہیں نواز الدین بھائی نے حال ہی میں کمال کا بنگلہ بنایا ہے، پورا سفید رنگ کا، ہم نے دیکھا بھائی ’’وائٹ ہاؤس‘‘۔کپل شرما نے نواز صدیقی سے پوچھا کہ جب آپ اپنے گھر کے اندر بیٹھے ہوتے ہو تو یہ فیلنگ تو نہیں آتی کہ ’’اپن ہی صدر ہے‘‘؟
خیال رہے کہ رواں سال کے شروع میں نواز الدین صدیقی نے اپنے نئے گھر کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی تھی، تصویر کے ساتھ لکھا کہ ایک اچھا اداکار کبھی بھی برا انسان نہیں ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ اس کے اندر کا خلوص ہی ہے جو اداکاری کے فن کو باہر نکالتا ہے۔ نواز الدین نے اپنے مرحوم والد کی یاد میں بنگلے کو ان کے نام ’نواب‘ سے منسوب کیا ہے، اپنے شو میں کپل شرما نے نواز الدین صدیقی سے پوچھا کہ اگر انسان سفید رنگ کی نئی شرٹ بھی سلوا لے تو سنبھل کے رہتا ہے کہ کہیں گندی نہ ہو جائے، آپ نے تو پورا سفید بنگلہ بنایا ہے تو کیا اسکے بعد بھی آپ کبوتر اڑانے چھت پر جاتی ہیں؟ اس سوال پر نوازالدین صدیقی لاجواب ہوکر ہنسنے لگے۔
فلم کی دیگر کاسٹ سے بھی کپل شرما دلچسپ سوالات کرتے ہوئے دکھائی دیئے، فلم ہیرو پنتی ٹو 29 اپریل کو سنیما میں ریلیز ہوگی، اس فلم میں ٹائیگر شیروف نے ببلو کا کردار ادا کیا ہے جو ایک انتہائی ’بھولا بھالا سا معصوم‘ انسان ہے اور کسی بُرے شخص کا مقابلہ کرنے میدان میں نکلتا ہے۔ جبکہ فلم میں لیلیٰ نامی ولن کا کردار نوازالدین صدیقی ادا کر رہے ہیں، لیلیٰ سائبر کرائم ماسٹر ہے جو کسی انتہائی خطرناک مشن پر گامزن ہے اور اس کا مقابلہ صرف ’’ببلو‘‘ ہی کر سکتا ہے، لیلیٰ کا مشن ہے کہ وہ ہر انڈین شہری کا بینک اکاؤنٹ ہیک کر کے اسے لوٹ لے۔

Back to top button