اداکار محسن عباس، شاہ رخ کے روپ میں میں سامنے آنے کو تیار


پاکستانی اداکار اور گلوکار محسن عباس نے بھارتی سپر سٹار شاہ رخ خان کے روپ میں ناظرین کے سامنے آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ رخ خان اپنی مقبولیت میں کوئی ثانی نہیں رکھتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ ان سے متاثر ہو کر پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر ایک شارٹ فلم ’’میں شاہ رخ خان ہوں‘‘ بنانے جا رہے ہیں جس میں وہ خود کنگ خان کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔ شاہ رخ خان کو موضوع بنا کر تیار کی گئی شارٹ فلم میں محسن عباس حیدر پانچ مختلف کردار نبھائیں گے اور اسے جلد ڈیجیٹل سٹریمنگ سروس پر نشر کیا جائے گا۔ماضی میں توقع ظاہر کی گئی تھی کہ یہ فلم شاہ رخ کی ذاتی زندگی سے متعلق ہوگی تاہم اب یہ واضح ہوا کہ شارٹ فلم بالی ووڈ اداکار کی ذاتی زندگی سے متعلق نہیں ہے بلکہ اس کا مرکزی موضوع کچھ اور ہے۔
اس شارٹ فلم کے پروڈیوسر شکیل حسین خان کا کہنا تھا کہ ’میں شاہ رخ خان ہوں‘ کو بالی ووڈ سٹار کی بائیوپک قرار دیا جا رہا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسے اداکار کی کہانی ہے جو ان سے متاثر ہے۔ جب پوچھا گیا کہ کسی اور اداکار کے بجائے شاہ رخ خان ہی کیوں چنا گیا؟ تو پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں، اسی لیے انہیں موضوع بنایا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ فلم کی اصل کہانی کیا ہے اور اس کا شاہ رخ خان سے کیا تعلق ہے کا اندازہ اسی وقت ہوگا جب ناظرین اسے دیکھیں گے۔منصوبے کی دیگر تفصیل جلد سامنے لانے کا اعلان کرتے ہوئے پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ ہم اسے شاہ رخ خان کی زندگی کے فلسفے یا ان کی نفسیات کے متعلق ایک کہانی کہہ سکتے ہیں، شکیل حسین خان کے مطابق فلم کی ریلیز کی تاریخ باقاعدہ طور پر طے نہیں کی گئی ہے تاہم جون کے وسط تک اسے ریلیز کر دیا جائے گا۔
اس سے پہلے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے محسن عباس نے اسے ’کسی بھی اداکار کا ڈریم پروجیکٹ‘ کہا اور لکھا کہ یہ بطور اداکار میرے ذاتی طور پر پسندیدہ منصوبوں میں سے ایک ہے۔ بدر محمد کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی شارٹ فلم کی پروڈکشن شکیل حسین اور عدنان سودھا کی ہے جب کہ اسے حمزہ حیدر نے لکھا ہے، محسن عباس حیدر سے پوچھا گیا کہ شارٹ فلم کس پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیجیٹل پر ریلیز ہوگی تاہم پلیٹ فارم کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

Back to top button