الیکشن وقت پر ہونگے،ایم کیو ایم بیانات سے گریز کرے

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ انتخابات سے متعلق بیانات نہ دے ، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
سابق صدر آصف زردری سے بلاول ہائوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ایم کیوایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، جاوید حنیف اور صادق افتخار شامل تھے جبکہ آصف زرداری کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب و دیگر بھی موجودتھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام میں ترامیم اور نئی قانون سازی سمیت دونوں جماعتوں میں ہونے والے معاہدے کے نکات پر اب تک کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے ہوا کہ بات چیت سے جلد تمام امور طے کیے جائیں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم انتخابات کے بیانات نہ دے ، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے ، آگے بھی ملکر چلیں گے، ہم کشتیاں جلاکر آئے ہیں اب بھی کوئی پیچھے کیوں ہٹے گا، ملک کی معاشی صورتحال خراب ہے پہلے اسے ٹھیک کرنا ہے، عمران 25 مئی کو بھی ناکام ہوا آگے بھی ناکام ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم رہنما نے شکایت کی کہ زرداری صاحب ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے پر آپ کی سیکنڈ لیڈرشپ پیش رفت نہیں چاہتی، بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی ہورہے ہیں ہمیں ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت معاہدے میں شامل نکات پر عملدرآمد چاہیے۔جس پر آصف زرداری نے یقین دہانی کرائی کی کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کل آپ کے مسائل پر بیٹھیں گے پیش رفت ہوگی۔

Back to top button