سلیم صافی کا عمران اور بشریٰ کے راز فاش کرنے کا اعلان
معروف اینکرپرسن اور صحافی سلیم صافی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو چار روز کی مہلت دیتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اگر دوران حج ان کے خلاف سوشل میڈیا پر واحیات مہم چلانے والے یوتھیوں کیخلاف سخت ترین کارروائی نہ کی گئی اور جھوٹی مہم بند نہ ہوئی تو وہ دونوں میاں بیوی کے تمام چھپے راز فاش کرتے ہوئے انہیں بے نقاب کر دیں گے۔ صافی کہتے ہیں کہ بشریٰ اور عمران کو پتہ ہے کہ میں انکے خاندانوں اور انکے کرتوتوں کے بارے میں کیا کچھ جانتا ہوں، پہلے میں اپنی روایات کی وجہ سے خاموش تھا لیکن اب میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مانیکا خاندان کی کرپشن سمیت ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے میں جادو ٹونے کا کردار بھی بے نقاب کروں گا۔
یاد رہے کہ سلیم صافی کی جانب سے حج کی ادائیگی کے دوران تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم اور عمران کے چیف آف سٹاف شہباز گل مسلسل ان پر رقیق حملے کر رہے تھے۔ شہباز گل نے تو ٹوئٹر پر یہ تک لکھ دیا کہ جب حج کے دوران سلیم صافی نے شیطان کو کنکر مارے تو اس نے جواب میں صافی کو کنکریاں مارنا شروع کر دیں۔ اب فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک طویل تحریر میں سلیم صافی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بہت سارے خفیہ راز موجود ہیں جنہیں آج تک انہوں نے اپنی پختون روایات کے پیش نظر بے نقاب نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا ممکن ہو سکا میں سو فیصد پی ٹی آئی کے نقش قدم پر نہیں چلوں گا اور ممکن حد تک اپنی خاندانی روایات اور صحافتی اصولوں کا خیال رکھوں گا۔ لیکن اب میں ان دونوں کو بے نقاب کر کے رہوں گا۔ صافی نے کہا کہ اب عمران اور بشریٰ کی مرضی ہے کہ جو فیصلہ کرنا چاہیں کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کئی سال تک آپ لوگوں کو اپنے قول اور عمل سے سمجھانے کی کوشش کی لیکن اگر آپ لوگوں نے یہ میدان چن لیا اور اس کی لپیٹ میں آپ مذہب، ملک اور قومی مفاد کو بھی لے آئے ہیں تو پھر یوں ہی سہی۔ اب میں بھی آپ لوگوں کی اصلیت سامنے لانے کے لیے بادل نخواستہ آخری حد تک جاؤں گا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلیم صافی کا کہنا تھا کہ اب حج سے واپس آ کر میں حج کی پابندیوں سے آزاد ہو گیا ہوں۔ چار دن بعد میں وہ تفصیلات بیان کرنا شروع کر دوں گا جو میں ابھی تک صبر سے کام لے کر مشرقی اقدار کا پاس رکھتے ہوئے بیان نہیں کر سکتا تھا۔ صافی نے کہا کہ یہ دونوں یہ بھی جانتے ہیں کہ میں غریب اور فقیر ہو کر بھی دوستی بھی نمبر ون سے کرتا ہوں اور ٹکر بھی نمبر ون سے لیتا ہوں۔ اس طرح کے بے شرم چمچوں پر میں اپنا وقت ضائع نہیں کرتا۔ حج کے دوران میں نے پاکستانی سیاست اور صحافت سے خود کو مکمل طور پر دور رکھا جس کے سبب میری زبان اور قلم کو بطور حاجی تالے لگے ہوئے تھے۔ انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو چار دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان چار دنوں میں انہوں نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی تو میں بھی ان قصوں کو منظر عام پر لانے پر مجبور ہو جاؤں گا جو مانیکا خاندان، ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے میں جادو ٹونے کے کردار اور اسی طرح کی بے تحاشا واقعات سے متعلق ہیں۔
سلیم صافی نے مزید دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ میرے خلاف مہم چلانے والے خود چھینک بھی نہیں مار سکتے البتہ یہ الگ بات ہے کہ ہر روز بشریٰ بی بی اورعمران خان کی سرگرمیوں اور نت نئے ارادوں کی خفیہ رپورٹ یہ لوگ دو جگہوں پر بھجوا کر جان بخشی کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس اب بہت ہو گئی، اس بار بشریٰ بی بی اور عمران خان نے اپنے کرائے کے لوگوں کے ذریعے ٹویٹر پر میری جو کردار کشی کی اس میں حج سے متعلق اسلامی شعائر کی بھی توہین کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں چاہتا تو اس حرکت کو عمران کی طرح اسلامی ٹچ دے کر ایک کارڈ کے طور پر استعمال کر سکتا تھا لیکن میں اس دن سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں جس دن مذہبی ٹچ دے کر عمران خان یا بشریٰ بی بی وغیرہ کی طرح سیاسی اور صحافتی مقاصد کے لیے دین کا استعمال کروں۔ ان کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی یہ بھی جانتے ہیں کہ سلیم صافی وہ سب کچھ جانتا ہے جو یہ امریکہ اور برطانیہ سے خاص مقصد کیلئے آئے ہوئے یہ کرائے کے لوگ بھی نہیں جانتے۔