ق لیگ کے متعددMPAsکاشجاعت کا ہرفیصلہ تسلیم کرنےکا عندیہ

پنجاب میں سیاسی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور صوبائی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے نصف سے زائد ایم پی ایز کے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے رابطے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، اور انہوں نے چوہدری شجاعت کا ہر فیصلہ تسلیم کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا فوکس سیلاب زدگان کی فوری بحالی پر ہے جبکہ حکمران اتحاد میں دوسری ترجیح کے طور پر پنجاب میں آئینی طریقے سے حکومتی تبدیلی کے لیے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت کے ساتھ رابطہ کرنے والے مسلم لیگ ق ارکان نے ان کے ہر فیصلے کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
حکمران اتحاد سیلاب زدگان کے لیے اقدامات پر وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ نواز شریف کے عالمی برادری سے نتیجہ خیز رابطوں پر بلاول بھٹو زرداری نے بھی تعریف کی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دو روز قبل چشتیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا انہیں اطلاع ملی ہے کہ پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے، ہمارے بندوں کو خریدنے کی کوشش ہو رہی ہے، مسٹر ایکس اور مسٹر وائے بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔