احتجاج سے روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے : وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج کی کال سے ملکی معیشت کا ایک دن میں 190 ارب روپے کا نقصان ہوتاہے۔لاک ڈاؤن اور احتجاج کی وجہ سے کاروبار رکتا ہے،برآمدات متاثر ہوتی ہیں اور ٹیکس وصولیاں کم ہوجاتی ہیں۔
وزیر خزانہ کا پی ٹی آئی کے احتجاج سے ہونےوالے نقصانات سے متعلق رپورٹ میں کہنا تھاکہ جی ڈی پی کو 144 ارب کا روزانہ نقصان ہوتاہے،آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبے میں نقصانات اس کےعلاوہ ہیں۔
محمد اورنگزیب کےمطابق برآمدات میں کمی سےروزانہ 26 ارب کا نقصان ہوتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونےسے 3 ارب روپے اور صرف وفاق کا یومیہ نقصان 190 ارب روپے ہے۔
انہوں نےکہا کہ صوبوں کا ایک دن کا زرعی شعبےکا نقصان 26 ارب روپے تک جب کہ صنعتی شعبےکا نقصان 20 ارب روپےتک ہوتا ہے۔
جتنےبھی راستےبند کریں ہم کھولیں گے،علی امین گنڈاپور
واضح رہےکہ عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کےلیے پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈ پور کی قیادت میں پنجاب میں داخل ہونے کےبعد اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
احتجاج کی کال پر اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے سیل ہیں اور سکیورٹی خدشات کےپیش نظر جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے جب کہ راولپنڈی،اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں پولیس سے جھڑپوں کےبعد متعدد رہنماؤں سمیت پی ٹی آئی کےدرجنوں کارکنان کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔