190 ملین پاؤنڈ کیس : پی ٹی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنےکا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتےہیں،ہم اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج بھی کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوال تو پوچھنا چاہیے نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سےکہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لےکر گئے اور آگے پھر بیچی،اس رقم کا تم نے کیاکیا؟آج وہ دندناتے پھر رہےہیں۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز کاکہنا تھا کہ انتہائی افسوس کی بات ہےکہ چور لوگ دندناتے پھر رہے ہیں جب کہ معصوم لوگ جیل میں ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی میں نبی کریم ﷺ کی سیرت پڑھائی جانی تھی،یہ رقم نا تو عمران خان کے اکاؤنٹ میں گئی اور ناہی اس سے بشریٰ بی بی کو کوئی فائدہ ہوا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کو 14 اور اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں القادر یونیورسٹی ٹرسٹ سے منسلک 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتےہوئے کرپٹ پریکٹس پر عمران خان کو 14 سال اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی۔

اس کےعلاوہ عدالت نے عمران خان کو 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپےجرمانے کی سزا بھی سنائی گئی جب کہ احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کاحکم بھی دیا۔

Back to top button