190ملین پاؤنڈریفرنس تاریخی ڈاکہ،شواہد کی بنیاد پر سزاہوئی،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے۔شواہد کی بنیاد پر سزا ہوئی۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا لاہور میں علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتےہوئےکہنا تھا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی  نے یہ پیسہ ضبط کرکے پاکستان کو دیا کہ یہ پاکستان کا پیسہ ہےلیکن اس پر سب سے بڑا ڈاکا ڈالا گیا، کابینہ نے بند لفافہ منظور کرکے یہ پیسہ اسی شخص کے حوالے کردیا جس سے یہ ضبط کیا گیا تھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آپ ملک سے باہر ایک جرم کریں اور وہ پیسہ آپ سے ضبط کرلیا جائے اور حکومت پاکستان کو عوام کی فلاح وبہبود کیلئےدیا جائے اور حکومت نے یہ پیسے عوام کو دینے کے بجائے بانی پی ٹی آئی سمیت 2 سے 3 کرداروں نے طے کیا کہ ہم نے 5،5 کیرٹ کی انگھوٹیاں لینی ہیں، زمان پارک میں 25 کروڑ کا نیا گھر بنانا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ میں نے جب سےسیاست شروع کی ہےتب سے یہ پوچھ رہا ہوں کہ عمران خان کا ذریعہ آمدن کیا ہے، ان کےپاس کون سی آمدنی آرہی تھی جس سے یہ 25 کروڑ کا گھر بنایا گیا یا فرحت شہزادی کولےکردی گئی، یہ 200 کنال کی زمین کس نے دی اور کہاں سےآئی،دراصل یہ اس چیز کی رشوت تھی جو این سی اے نے پیسہ پاکستان کودیا لیکن عمران خان اوران کی اہلیہ نے یہ پیسہ ان ہی کے حوالے کردیا جس سےضبط کیا گیا تھا، یہ تقریباً80 سے90 ارب کا گھپلہ ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جب ان لوگوں کے پاس اپنےدفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں تھا تو کہہ دیا گیا کہ سیرت پر چلنے کی سزا دی گئی،القادر کی زمین خریدی گئی اور اس اکاؤنٹ میں 28 کروڑگیا اور میاں بیوی نےایک ٹرسٹ بنایا اور اب کہہ رہے ہیں کہ وہاں پر سیرت کی کلاسیں پڑھائی جارہی تھی،۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حالانکہ وہاں پر کارٹون دکھائے جارہے تھے، بچے کارٹون دیکھ رہے ہیں، کوئی کھیل رہا ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہاں پر کون سی دینی تعلیم دی جارہی تھی، ہر بات میں آپ مذہب کو لے آتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر چیز میں مذہب کو لانا بند کریں، کیا آپ ساری عمر مذہب کی تبلیغ کرتے رہے ہیں، کیا جب آپ کرکٹ کھیلتے تھے تو وہاں مذہب کی تبلیغ کرتے تھے، آپ کے خلاف بیرون ملک سے جتننے فیصلے آئے وہ مذہب پر بات کرنے کی پاداش میں آئے، سیاست ہوتی رہے گی لیکن دین اور مذہب کا نام نہ لیں۔

Back to top button