ممنوعہ فنڈنگ کیس:ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو قانون کے مطابق تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے انکوائری کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے کیسز 19 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہیں، کیا یہ اسی طرح کا کیس ہے؟۔
وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ جی یہ وہی کیسز ہیں، پہلے بینکنگ سرکل اور اب سائبر کرائم یہ انکوائری کر رہا ہے، نامنظور ڈاٹ کام سے فنڈنگ سے متعلق سائبر کرائم نے نئی انکوائری شروع کی، عدالت نے پہلے سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیسز کے ساتھ درخواست منسلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا اور سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
پی ٹی آئی اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی، درخواست میں پی ٹی آئی وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو کوئی ایکشن لینے سے روکا جائے۔
تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔ پی ٹی آئی کو ایف آئی اے انکوائری کے خلاف فوری حکم امتناع نہیں مل سکا۔
