2سال بعد عید الفطرپر چارنئی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی

پاکستانی فلمیں دیکھنے کے شوقین افراد کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ اس سال 4 پاکستانی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔ اور اب چار عیدیں گزر جانے اور دو سال بعد پہلی بار عید کے موقع پر سینما گھروں میں اردو فلمیں دیکھ سکیں گے اور اس عید پر صبا قمر، ہانیہ عامر، نیلم منیر اور امر خان کی فلموں کا مقابلہ ہوگا۔ صبا قمر اور زاہد احمد کی ’گھبرانا نہی ہے‘ نیلم منیر اور احسن خان کی ’چکر‘ ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی ’پردے میں دو‘ اور امر خان اور عمران اشرف کی فلم ’دم مستم‘ کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہوگا۔
ان فلموں کے پریمیئر 30 اپریل اور یکم مئی کو کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں منعقد ہوئے اور شوبز شخصیات سمیت میڈیا کے افراد کو فلمیں عید سے قبل ہی دکھائی گئیں، چاروں فلموں کی ٹیم نے رمضان المبارک میں ملک بھر کے دورے کرکے اپنی اپنی فلموں کی پروموشن بھی کی اور دوران فلموں کی ٹیمیں یونیورسٹیز اور کالجز میں بھی گئیں۔
کہانی کے اعتبار سے ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی رومانوی مزاحیہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کو اب تک پاکستان کی سب سے منفرد فلم قرار دیا جا رہا ہے، اس فلم میں شادی شدہ جوڑے کے ہاں اولاد نہ ہونے جیسے مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم ساز وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بنائی گئی فلم کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے۔اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر کی جانب سے مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ مسٹری مصالحہ تھرلر فلم ’چکر‘ میں نیلم منیر اور احسن خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نیلم منیر کا ڈانس نمبر گانا بھی شامل ہے۔ اداکار عدنان صدیقی کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم ’دم مستم‘ کی کہانی امر خان نے ہی لکھی ہے اور وہ فلم میں عمران اشرف کے ہمراہ ایکشن میں نظر آئیں گی،’دم مستم‘ کی کہانی امر خان اور عمران اشرف کے رومانس اور بچپن کے پیار، دوستی اور لڑائیوں کے گرد گھومتی ہے، فلم کی ہدایات ’سپر اسٹار‘ کی ہدایات دینے والے محمد احتشام الدین نے دی ہے جب کہ اسے عدنان صدیقی کے ہمراہ اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم میں صبا قمر اور زاہد احمد مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
’جے بی پروڈکشن اور جیو فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم کی دیگر کاسٹ میں سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان (ریمبو)، سہیل احمد اور ثاقب خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔
ان فلموں کو کہانی ،کاسٹ اورگانوں کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سب سے زیادہ کمائی کون سی فلم کرے گی؟
