2ایم این ایز رابطے میں نہیں،ترمیم میں ووٹ کا خدشہ ہے،بیرسٹرگوہر

 چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کاکہنا ہے کہ ہمارے 2 اراکان اس وقت رابطے میں نہیں ہیں۔خدشہ ہے آئینی ترمیم میں ووٹ کاسٹ نہ کردیں۔

پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے ایم این ایز ہمارے ساتھ ہیں، صرف 2 ارکان اس وقت رابطے میں نہیں ہیں۔ہمارے جن اراکین کے ساتھ رابطہ نہیں ان کے ووٹ اگر کاسٹ ہوتے ہیں تو وہ ہم نہیں مانتے۔

 بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ کمیٹی کا کوئی کام نہیں کہ لاء کے اوپر بات کرے، ہم نے اس کمیٹی کو کوئی تجویز نہیں دی۔کمیٹی میں جو بات ہوئی وہ تو نہیں بتاسکتے، وزیر قانون نے ہمیں کچھ بریف کیا ہے، بل اس وقت کسی کے بھی پاس موجود نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کمیٹی میں ان کیمرہ گفتگو ہوئی، رات کے اندھیرے کی ترمیم ہے جو را ت کے اندھیرے میں ہو رہی ہے، حکومت نے آج بھی ہم سے بل شیئر نہیں کیا، عدلیہ کو کمزور کرنے کی کو شش کی جارہی ہے، حکومت نے یہ نہیں کہا کہ ووٹنگ آج کروانی ہے۔مولانا فضل الرحمان کی کسی تجویز پر عمل نہیں ہوا، ہم نے صرف سنا ہے اور کوئی تجویز نہیں دی ، ابھی اجلاس شروع ہونے والا ہے لیکن بل کسی کے پاس نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ووٹ نہ دینے سے متعلق دو ستمبر کو ہم نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایات جاری کردی تھیں، ہم نے اپنی ہدایات کی کاپی کی مکمل فائل اسپیکر آفس میں بھی جمع کرائی ہے۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈرعمرایوب اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے بھی شرکت کی۔ جس میں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

حکومتی رہنماؤں کے مطابق مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دیں گے، آئینی ترمیم ایک جامع پیکج ہے جس میں آئینی عدالت بنائی جائے گی، آئینی عدالت کے لیے ججز کی تقرری کا بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔

Back to top button