پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے آخری دنوں میں ہمارے لیے کانٹے بچھا کر گئے لیکن پاکستان کو ڈیفالٹ کی صورتحال سے بچا لیا ہے، انشااللہ کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے مجھ پر، نواز شریف اور میرے خاندان پر جھوٹے الزامات عائد کرکے بدنام کرنے کی بدترین کوشش کی، مسلم لیگ (ن)، نواز شریف اور میرے خاندان پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے پاکستان کے اندر اور بیرون ملک بدنام کرنے کی بدترین اور گھٹیا کوشش کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو دی گئی سزا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ سے معاملہ اقامہ تک چلا گیا کیونکہ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں تھا اس لیے اقامہ کا کیس بنایا گیا، اقامہ کا معاملہ آنے کے بعد بہت گند اچھالہ گیا اور اس وقت کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کا بیان بھی چلا تھا، لہٰذا سچ کو آنچ نہیں آتی اور من گھڑت بات کبھی چھپ نہیں سکتی، عمران نیازی اور اس کے حواریوں نے برطانیہ کی نیشنل کرائیم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بہت سے دستاویزات فراہم کیے جس میں دو برس تک تحقیقات ہوتی رہی مگر اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی عزت رکھی۔

ڈیلی میل اخبار کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی اور شہزاد اکبر کو علم تھا کہ اس سے شریف خاندان کی بدنامی تو ہوگی مگر پاکستان کی بھی بدنامی ہوگی مگر وہ پتھر دل کی طرح اس سوچ کے حامل تھے کہ پاکستان کو نقصان پہنچتا ہے تو کوئی بات نہیں شریف خاندان کو پوری دنیا میں رسوا کرو، اس برطانوی ادارے نے 2008 سے 2018 تک 6 سو ملین پاؤنڈ دیے تھے جس کی زیادہ رقوم پنجاب میں آئیں تھیں اور شفاف طریقے سے خرچ ہوئیں مگر عمران نیازی کا مقصد یہ تھا کہ لاکھوں پاؤنڈ شہباز شریف کے بچے لے گئے اور یہ بات ڈیلی میل اخبار کے آرٹیکل کا حصہ ہے جس میں لکھا گیا تھا کہ شہزاد اکبر نے صحافی ڈیوڈ روس کو پاکستانی جیلوں کی سیر کرائی اور وہاں قید لوگوں سے ملایا تھا۔

Back to top button