2023 میں بالی ووڈ کی کونسی فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں؟
رواں برس بالی ووڈ نے ایک سے بڑھ کر ایک سپر ہٹ فلم دی، جس میں شاہ رخ، سلمان خان اور رنبیر کپور کی فلموں نے دھوم مچائے رکھی، رواں برس دو بڑی فلمیں ریلیز ہونے میں چند ہی روز باقی ہیں جن میں شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ اور تیلگو فلموں کے اداکار پرابھاس کی ‘سالار پارٹ ون’ شامل ہیں۔شاہ رخ خان اپنی فلم 21 دسمبر کو ریلیز کرنے جا رہے ہیں جبکہ پرابھاس کی فلم سالار 22 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ان دونوں میں سے کونسی فلم 2023 کی آخری سپر ہٹ فلم ثابت ہوگی؟ یہ کہنا قبل از وقت ہے، اداکار رنبیر کپور کی فلم اینیمل کی باکس آفس پر کامیابی کا سلسلہ جاری ہے، یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے مجموعی طور پر 700 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔فلم کی کہانی باپ اور بیٹے کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔بالی وڈ کے سلطان سلمان خان نے بھی رواں برس بالی وڈ کو ہٹ فلم دی۔ ان کی فلم ‘ٹائیگر 3′ 12 نومبر کو ریلیز ہوئی۔’ٹائیگر 3’ نے بھارت بھر سے 282.61 کروڑ روپے کمائے تھے جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 463.2 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔رواں برس شاہ رخ خان کی دوسری فلم ‘جوان’ نے بھی خوب کامیابیاں سمیٹیں۔ فلم سات ستمبر کو ریلیز ہوئی تھی، ‘جوان’ کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو معاشرے میں ہونے والی برائیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔فلم نے بھارت بھر سے 640.25 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں جب کہ فلم نے دنیا بھر سے 1160 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جب چار برس بعد فلم ‘پٹھان’ کے ذریعے دوبارہ بڑے پردے پر آئے تو ان کی فلم نے خوب کامیابیاں سمیٹیں۔فلم نے بھارت سے 543.09 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جب کہ دنیا بھر سے 1055 کروڑ روپے کمائے۔غدر کا سیکوئل ریلیز ہوتے ساتھ ہی باکس آفس پر چھا گیا، فلم میں سنی دیول کے ساتھ اداکارہ امیشا پٹیل نے اداکاری کے جوہر دکھائے، ‘سیک نلک’ کے مطابق فلم نے بھارت سے 525.7 کروڑ بھارتی روپے جب کہ دنیا بھر سے 686 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔معروف اداکار رجنی کانتھ کی فلم ‘جیلر’ بھی رواں برس کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ہے، فلم میں اداکار رجنی کانتھ کے ساتھ تمنا بھاٹیا، لوہن لال، جیکی شروف اور سنیل ورما نے اداکاری کی، ایکشن، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور یہ فلم نو اگست کو ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایات نیلسن دلیپ کمار نے دی ہیں، سیک نلک کے مطابق ‘جیلر’ نے بھارت بھر سے 384.55 کروڑ جب کہ دنیا بھر سے 604.5 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔