دنیابھرمیں 22کروڑ بچےموٹاپےسےمتاثرہونےکاخدشہ

عالمی ادارہ ورلڈ اوبیسٹی فیڈریشن کی نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2040 تک دنیا بھر میں 5 سے 19 سال عمر کے تقریباً 22 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں عالمی سطح پر تقریباً 18 کروڑ بچے موٹاپے میں مبتلا تھے، تاہم موجودہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ برسوں میں صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2040 تک لگ بھگ 12 کروڑ اسکول جانے والے بچوں میں مستقل اور مزمن بیماریوں کی ابتدائی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں، جن میں دل کے امراض اور ذیابیطس شامل ہیں۔ اس کی بڑی وجہ جسمانی وزن کے اشاریے یعنی بی ایم آئی میں اضافہ قرار دیا گیا ہے۔
ورلڈ اوبیسٹی فیڈریشن کی چیف ایگزیکٹو جوہانا رالسٹن کے مطابق بچوں میں موٹاپے میں تیزی سے اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی برادری اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی پوری نسل کو موٹاپے اور اس سے جڑی خطرناک غیر متعدی بیماریوں کی طرف دھکیلنا درست نہیں۔
