24 اداروں کی نجکاری کی منظوری

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس میں نجکاری پروگرام کےلیے 24اداروں کی اصولی منظوری دےدی۔
تفصیلات کے مطابق خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کو ترجیح دی جائے گی جب کہ منافع بخش اداروں کی نجکاری پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت نجکاری کی طرف سے مرحلہ وار نجکاری پروگرام 29-2024 پیش کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق حکومت کا دائرہ کار اسٹریٹجک اور ضروری ریاستی اداروں تک ہوگا۔ اسٹریٹجک اور ضروری ریاستی ملکیتی اداروں کی درجہ بندی کی جائے گی، درجہ بندی میں نہ آنے والے ایس او ایز کو نجکاری میں شامل کیا جائے گا۔
اجلاس میں نجکاری پروگرام کےلیے 24 اداروں کی اصولی منظوری دی گئی، متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مشاورت سے ہر ادارے کی مرحلہ وار نجکاری کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اعلامیے کے مطابق اگلے اجلاس میں ایک جامع مرحلہ وار نجکاری پروگرام کو حتمی شکل دی جائے جب کہ دیگر40 اسٹریٹجک یا ضروری نوعیت کے اداروں کو کابینہ کمیٹی برائےحکومتی ملکیتی اداروں میں پیش کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
