بھارتی ریاست گوا کے نائٹ کلب میں آتشزدگی، 25 افراد ہلاک

بھارتی ریاست گوا کے ساحلی علاقے میں واقع مشہور نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر ہلاک ہونے والے افراد میں نائٹ کلب ’برچ بائی رومیو لین‘ کا عملہ شامل ہے، جو ایک مشہور ساحل کے قریب واقع ہے، سیاحوں کی اموات ی اطلاع بھی ملی ہے۔
پولیس کا اندازہ ہے کہ کلب کے کچن میں گیس کے سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی، جس کے بعد یہ آگ اتوار کی شب مقامی وقت کے مطابق 12 بجے کے قریب پورے کلب میں پھیل گئی۔
اتوار کی صبح حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 23 سے بڑھ کر 25 ہو گئی ہے۔
بی بی سی نے جائے وقوعہ پر موجود ایک گواہ سے بات کی، جس نے بتایا کہ اس مصروف نائٹ لائف علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، گوا کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آلوک کمار نے کہا کہ آگ زیادہ تر کچن کے علاقے میں لگی تھی، جو کہ گراؤنڈ فلور پر تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ تر لاشیں کچن کے قریب ملیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرہ افراد کلب میں کام کرتے تھے۔
گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے صحافیوں کو بتایا کہ 3 افراد جھلسنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر دم گھٹنے سے مر گئے۔
انہوں نے کہا کہ 3 سے 4 سیاح بھی ہلاک ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے ان کی عمریں یا قومیتیں نہیں بتائیں، 6 افراد کی حالت اب مستحکم ہے، اور ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔
کلب میں اس رات زیادہ ہجوم تھا، کیوں کہ وہاں ایک بالی وڈ اسپیشلسٹ ڈی جے پرفارم کر رہا تھا، آگ لگنے والا علاقہ اسی طرح کے مصروف نائٹ کلبز سے بھرا ہوا ہے۔
