26 نومبر احتجاج کیس: علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

 

 

 

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر 2024 احتجاج کیس میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی، ملزمہ علیمہ خان کی جانب سے ان کے وکیل فیصل ملک جب کہ سرکار کی جانب سے پراسکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت 5 ملزمان کے وکلاء کی جانب سے 10 گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی جب کہ ملزمان کے وکلاء کی جانب سے ان گواہان پر آج جرح نہ ہوسکی۔

پراسکیوٹر ظہیر شاہ نے کہاکہ اس مقدمہ کی 28 سماعتیں ہوچکی ہیں،علیمہ خان کی کنڈکٹ کی وجہ سے یہ مقدمہ مسلسل تاخیر کا شکار ہےلہٰذا مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیاجائے۔

پراسکیوشن نے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ لاہور میں زیرسماعت مقدمات کی کازلسٹ موجود نہیں ہےجس پر عدالت نے ملزمہ علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتےہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

بعد ازاں عدالت نے علیمہ خان کےخلاف مقدمہ کی سماعت کل (جمعرات) تک ملتوی کردی ہے۔

 

 

 

Back to top button