برازیل میں لڑکی کےجسم سے چپکے26آئی فونزبرآمد

 برازیل میں بس کے سفر کے دوران ایک نوجوان لڑکی کے اچانک بے ہوش ہونے کے بعد اس کے جسم سے 26 آئی فونز برآمد ہونے پر مسافر حیران رہ گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برازیل کی ریاست پارانا میں پیش آیا، جہاں 20 سالہ لڑکی دورانِ سفر اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد بے ہوش ہو گئی۔ اسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اور دورے بھی پڑ رہے تھے۔

ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور لڑکی کو طبی امداد فراہم کی، تاہم 45 منٹ کی کوشش کے باوجود اسے بچایا نہ جا سکا۔ بعد ازاں طبی عملے نے تصدیق کی کہ لڑکی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

حیرت انگیز انکشاف اس وقت ہوا جب طبی معائنے کے دوران لڑکی کے جسم سے گوند کے ذریعے چپکائے گئے 26 عدد آئی فونز برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام فون اس کے جسم کے مختلف حصوں پر چپکائے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، اور موت کی اصل وجہ فارنزک رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ برآمد شدہ موبائل فونز فیڈرل ریونیو سروس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

Back to top button