ڈالر کی گراوٹ کے باعث گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی‘‘

گھی کی تیاری کیلئے انڈونیشیا، ملائیشیا سے برآمد کیے جانے والے خام مال کی قیمتوں میں 110 ڈالر فی ٹن کمی اور پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں 50 روپے سے زائد کی گراوٹ کے باعث گھی کی قیمتیں ساڑھے تین سو روپے کلو تک پہنچ گئی ہیں۔ڈالر کی قیمت میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کے باعث پاکستان میں مختلف اشیا کی قیمتوں میں واضح کمی ہو چکی ہے، اس عرصے میں گھی کی قیمت میں 80 روپے فی کلو تک کہ کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گھی کی قیمتوں میں بڑی کمی کی ایک اور وجہ ملائیشیا اور انڈونیشیا سے گھی کی تیاری کے لیے درآمد کیے جانے والے خام مال کی قیمت میں 110 ڈالر فی ٹن کی کمی ہے۔راولپنڈی راجا بازار میں گھی کا کاروبار کرنے والے سفیان شیخ نے وی نیوز کو بتایا کہ حکومت کی ڈالر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کے باعث ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ گھی کے مختلف برانڈز کی قیمت میں 70 سے 80 روپے فی کلو کمی ہو چکی ہے، تاہم ڈالڈا جیسے بڑے برانڈز نے صرف 20 سے 30 روپے فی کلو کمی کی ہے۔سفیان شیخ کے مطابق گھی کی قیمت گزشتہ سال 500 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی تھی جو کہ گزشتہ3-4 ماہ سے کم ہو کر 430 روپے فی کلو ہو گئی تھی تاہم اب ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث گھی کی قیمتوں میں مزید 70 سے 80 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے جس سے گھی کی قیمت 350 اور 360 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ آخری مرتبہ 2020 اور 21 کے آغاز میں گھی کی قیمت 350 روپے فی کلو تک آئی تھی، ڈالڈا جیسے بڑے برینڈز کو بھی گھی قیمتوں میں کمی کرنی چاہیے تاہم اب بھی ڈالڈا گھی کی فی کلو قیمت 500 روپے ہی ہے۔اسلام آباد میں کریانہ سٹور کے مالک راجا رمیض کے مطابق گھی صرف غریب طبقہ استعمال کرتا ہے، اور گھی کی قیمت میں 70 روپے کمی ہو چکی ہے، تاہم متوسط اور امیر لوگ گھی کا استعمال بہت کم کرتے ہیں، ایسے گھرانوں میں ڈالڈا یا دیگر درآمدی کوکنگ آئل کا استعمال کیا جاتا ہے، ایسے لوگوں کو گھی کی قیمتوں میں کمی سے زیادہ فائدہ نہیں ہوگا۔پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسو سی ایشن کے عہدے دار نے وی نیوز کو بتایا کہ گھی اور تیل کی قیمتوں میں 80 روپے فی کلو کی کمی ہو چکی ہے اور اگر ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو گھی کی قیمت مزید 10 سے 20 روپے کم ہو سکتی ہے، گھی فروخت کرنے والی فیکٹریاں گھی کا 16 کلو والا جو کارٹن گزشتہ ماہ 6 ہزار روپے میں فروخت کر رہی تھیں وہی اب 4 ہزار 800 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

Back to top button