27ویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں منظور ہونے کا امکان

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت شروع ہو گیا ہے، جس میں آج 27ویں آئینی ترمیم مختلف ترامیم کے ساتھ منظور ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، سینیٹ میں منظور شدہ 27ویں آئینی ترمیم میں چند تکنیکی خامیاں رہ گئی تھیں، جس کے باعث قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد یہ ترمیم دوبارہ سینیٹ میں بھیجی جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم کی دوبارہ منظوری حاصل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سینیٹ نے دو تہائی اکثریت سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی۔
ترمیم کے مطابق، ملک میں ایک آئینی عدالت (Constitutional Court) قائم کی جائے گی جس میں تمام ہائیکورٹس کے ججز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، صدرِ پاکستان کو تاحیات استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ آرمی چیف کا عہدہ ختم کرکے "چیف آف ڈیفنس فورسز” کا نیا عہدہ تشکیل دیا جائے گا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یہ ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کی تھی، جس پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان تفصیلی بحث بھی ہوئی تھی۔
