پی ٹی آئی کا بلے باز کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں پلان بی پر عمل درآمد شروع کردیا۔تحریک انصاف نے امیدواروں کو پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس الیکشن کمیشن جمع میں کرانے کی ہدایت کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دیے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نشان ’بلے باز‘ ہے، پی ٹی آئی نے اپنے امیدواروں کو بلے باز اور بلے کے 2، 2 ٹکٹس جاری کیے تھے۔.
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ’بلے‘ کے نشان پر متوقع پابندی کے پیش نظرپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے انتخابی نشان ’بلے باز‘ استعمال کیے جانے کی خبروں کے سامنے آنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قانونی پوزیشن واضح کردی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ اکثرامیدواروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ان درخواستوں کے ذریعے سے الیکشن کمیشن کودھوکا دیا جارہا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کودھوکا دے کرقانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، کوئی انتخابی نشان کسی دوسرے پارٹی کے امیدوار کونہ دیا جائے۔ جو امیدوار کسی اورجماعت کا ممبرہواوردوسری جماعت کا نشان مانگے وہ نہ دیاجائے۔الیکشن کمیشن نے اس صورتحال میں ہدایت کی ہے کہ آر اوز ایسے کسی امیدوار کو دوسرا انتخابی نشان نہ دیں، الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے، ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہوسکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔تاہم اب پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے گئے۔پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آر اوز اور ڈی آروزکے دفاتر میں جمع کرائیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آپ کا ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس یا آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری طور پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سینٹرل الیکشن کمیشن کو شکایت ای میل کریں۔پارٹی کی جانب سے ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنی تحریری شکایت بھی ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کروائیں، پولیس میں درخواست دیں، ہائی کورٹ میں پٹیشن فائل کریں، سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں، یہ تمام ثبوت اور درخواستیں پارٹی کو بھی بھیجیں۔پارٹی کی ہدایت کے مطابق امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹس جمع کرانا شروع کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان "بلے باز” ہے، تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر ڈار ہیں، انہوں نے پارٹی اختلافات کے باعث الگ جماعت رجسٹرڈ کرائی تھی۔
ایک طرف پی ٹی آئی نے اپنے اراکین کو پی ٹی آئی نظریاتی کا ٹکٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے پی ٹی آئی قیادت کو کرپٹ قرار دیدیا۔ پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈارکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ ٹیم میں سب کرپٹ ہیں میں ان سے بات نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن یہ سب کرپٹ ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی سے سوال کیا گیا کہ کیا ان سے اتحاد یا ٹکٹ جاری کریں گے؟ اس پر اختر اقبال ڈار نے کہا کہ ان سے بات نہیں ہوسکتی، بیرسٹرگوہر جیسےکرپٹ اور دو نمبر لوگ پارٹی پر قابض ہیں۔
