دنیا میں لیفٹ ہینڈ، رائٹ ہینڈ گاڑیوں کی اصطلاح کیا ہے؟

آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ پاکستان واحد ملک نہیں ہے جہاں گاڑیاں بائیں جانب چلتی ہیں بلکہ دنیا کی 35 فیصد آبادی بائیں جبکہ باقی 65 فیصد دائیں جانب گاڑیاں چلاتے ہیں۔درحقیقت ماضی میں لگ بھگ دنیا بھر میں تمام افراد سڑکوں کی بائیں جانب ہی اپنے گھوڑوں پر سفر کرتے تھے، رائٹ ہینڈڈ افراد کے لیے گھوڑے کی بائیں جانب سے سوار ہونا آسان ہوتا تھا اور چونکہ میان بائیں جانب ہوتی تھی تو سڑک پر سفر کے دوران گھوڑے سے میان کے ٹکرانے کا امکان کم ہوتا تھا۔مگر 1700 کے اختتام پر فرانس اور امریکا کے فارم ہاؤسز میں ایسی گھوڑا گاڑیاں (بَگّی) چلنے لگی تھیں جن میں متعدد گھوڑوں کی مدد سے سامان کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا تھا۔1709 میں روس میں زیادہ تر ٹریفک دائیں جانب چلتا تھا اور 1752 میں اسے باقاعدہ قانون بنا دیا گیا۔ اسی طرح 1789 میں انقلاب فرانس سے فرانس میں دائیں جانب ٹریفک چلنا عام ہوا۔اس طرح 1794 میں فرانس میں رائٹ ہینڈ ڈرائیو کا اصول نافذ ہوگیا اور جب نپولین نے یورپ میں فتوحات کیں تو سوئٹزرلینڈ، پولینڈ، جرمنی، اسپین اور اٹلی وغیرہ میں رائٹ ہینڈ ڈرائیو عام ہوگئی جبکہ نپولین کے مخالف ممالک جیسے برطانیہ، ہنگری اور پرتگال میں ٹریفک کو بائیں جانب چلانے کا سلسلہ برقرار رکھا گیا۔برطانیہ نے 1835 میں بائیں جانب ڈرائیو کے قانون کا نفاذ کیا اور پھر جس خطے پر بھی قبضہ کیا وہاں سڑکوں کو تعمیر کرتے ہوئے اپنے قوانین کا نفاذ کیا۔جاپان ایسا واحد ملک ہے جو کبھی برطانوی سلطنت کا حصہ نہیں رہا مگر وہاں بھی ٹریفک بائیں جانب سفر کرتا ہے جسے 1924 میں باضابطہ حیثیت دی گئی۔برطانیہ سے ہٹ کر ڈچ بھی جہاں جاتے تھے، لیفٹ ہینڈ ڈرائیو کو فروغ دیتے تھے اور نیدرلینڈز کے زیرتحت رہنے والے ممالک جیسے انڈونیشیا میں اب بھی یہی سلسلہ برقرار ہے جبکہ خود نیدرلینڈز کو جب نپولین نے فتح کیا تو وہاں دائیں جانب ٹریفک چلنا شروع ہوگئی۔امریکا نے بھی برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد بتدریج دائیں جانب ٹریفک کو چلانے کا سلسلہ شروع کیا اور اس حوالے سے سب سے پہلا قانون 1792 میں پنسلوانیا میں منظور ہوا۔ یہ سلسلہ 1949 میں اس وقت ختم ہوا جب کینیڈا میں بھی دائیں جانب ٹریفک چلنا شروع ہوگئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 1960 کی دہائی میں برطانیہ نے بھی رائٹ ہینڈ ڈرائیو سسٹم کو اپنانے پر غور کیا تھا مگر قدامت پسند حلقوں نے اس کوشش کو ناکام بنایا۔ اب یورپ میں محض 4 ممالک برطانیہ، آئرلینڈ، مالٹا اور قبرص میں لیفٹ ہینڈ سسٹم کام کر رہا ہے جبکہ باقی ممالک رائٹ ہینڈ سسٹم کو اپنا چکے ہیں۔

Back to top button