’’بھارتی فلم انڈسٹری میں مدھوبالا کے حُسن کے چرچے‘‘

حسن کی دیوی کہلانی والی بھارتی اداکارہ مدھوبالا نے بالی ووڈ میں جو شہرت سمیٹی وہ شاید ہی کسی اداکارہ کے حصے میں آئے، ہیرو سے لے کر ہدایتکار تک سبھی ان کے حسن کے دیوانے تھے، اور مدھوبالا کے ساتھ کام کو اعزاز سمجھتے تھے، عظیم فنکار دلیپ کمار بھی مدھوبالا کے عشق میں مبتلا رہے۔در حقیقت مدھوبالا ایسی ہی تھیں کہ ان کے گھایلوں میں جہاں لاکھوں فلم ناظرین تھے وہیں اپنے وقت کے بڑے بڑے مشاہیر تھے چنانچہ مدھوبالا کی خوبصورتی کا لوہا خود پوری دنیا نے مانا اور انہیں ان کی بے مثال خوبصورتی کی وجہ سے ہندوستانی سینیما کی ’وینس‘ یعنی خوبصورتی کی دیوی کا خطاب دیا گیا۔آج سے پورے 91 سال قبل 1933 کو مدھوبالا کی ولادت ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم تھا لیکن فلمی دنیا میں انھیں مدھوبالا نام سے شہرت حاصل ہوئی، چھوٹی سی عمر میں مدھوبالا نے اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا اور محض 9 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور 1942 میں آنے والی فلم ’بسنت‘ سے انہوں نے اپنے فلمی کریئر کی ابتدا کی اور اس کے بعد کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔دی ہندوستان ٹائمز کے ایک مضمون کے مطابق 2013 کے فلم فیئر ایوارڈز میں اداکارہ مدھوبالا کی بہن مدھور بھوشن نے کہا کہ ’دلیپ کمار کے آنے سے پہلے‘ ادکار پریم ناتھ مدھوبالا کے ساتھ محبت کا رنگ جما رہے تھے لیکن مذہب کی وجہ سے دونوں کا رشتہ آگے نہیں بڑھ سکا اور والد نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ہمیں خاندان کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔کیدار شرما نے مدھوبالا کو اپنی فلم میں پہلا بریک دیا۔ جب انہوں نے پہلی بار سکرین ٹیسٹ کے لیے مدھوبالا کو دیکھا تو انھیں مدھوبالا سے محبت ہو گئی۔ یہ یک طرفہ محبت تھی لیکن مدھوبالا کا دماغ بہت حاضر تھا۔ وہ اس وقت بہت چھوٹی تھیں اور محبت کو سمجھ نہیں سکتیں تھی اس لیے انہوں نے کبھی کیدار شرما کی محبت کو نہیں پہچانا اور ایک عظیم ہدایت کار کے طور پر ان ہمیشہ کا احترام کرتی رہیں۔فلم پاکیزہ کی شہرت رکھنے والے معروف ہدایت کار کمال امروہی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’محل‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی جس کی ایک وجہ مدھوبالا کی ذات بتائی جاتی ہے، بہرحال دلیپ کمار سے مدھوبالا کی محبت سب سے گہری اور دیر پا رہی یہاں تک کہ دونوں کی شادی ہونے والی تھی لیکن مدھوبالا کے والد عطاء اللہ خان سے دلیپ کمار کی ان بن نے ان کے رشتے کو رشتہ ازدواج میں نہیں بندھنے دیا اور فلم مغل اعظم کا فسانہ حقیقت کا روپ دھار گیا، کہتے ہیں کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو بھی ان کے عشق میں مبتلا تھے اور اداکار شمی کپور نے تو اپنی کتاب میں اپنی محبت کا اعتراف بھی کیا ہے۔ دلیپ کمار اور مدھوبالا کی فلم ترانہ سے شروع ہونے والی محبت فلم مغل اعظم کے مکمل ہونے تک دم توڑ چکی تھی اور ایک وقت ایسا تھا جب دونوں کے درمیان بات چیت بھی بند ہو گئی تھی۔دل ٹوٹنے کے بعد مدھوبالا نے گلوکار اور اداکار کشور کمار سے شادی کر لی لیکن ان میں کبھی نہ بنی اور دونوں علیحدہ رہنے لگے یہاں تک کہ مدھوبالا کے دل میں سوراخ کی تشخیص ہوئی اور اس حسن کی دیوی نے 36 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہا۔
