دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ: ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو شکست ، سیریز 1-1 سے برابر

جیسن ہولڈر کا آخری گیند پر چوکا، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

دوسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر اس وقت ہوا جب ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے تین رنز درکار تھے، جیسن ہولڈر نے دباؤ میں شاندار چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ حسن نواز نے سب سے زیادہ 40 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سلمان آغا نے 38 اور فخر زمان نے 20 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گودا کیش موتی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا رہا، گودا کیش 28، کپتان شائی ہوپ 21، روسٹن چیز اور جیسن ہولڈر 16، 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور صائم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کا پانسہ پلٹنے والے جیسن ہولڈر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے کہا کہ آخری لمحات میں ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہونا خوشی کی بات ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 14 رنز سے جیتا تھا اور برتری حاصل کر لی تھی، تاہم ویسٹ انڈیز کی اس کامیابی کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہو چکی ہے۔

Back to top button