’’3 سیاسی خاندانوں نے موجودہ الیکشن میں میدان کیسے مارا‘‘

الیکشن 2024 میں کئی سیاسی گھرانے میدان میں اترے جن میں سے صرف تین گھرانے مجموعی طور پر کامیاب ہوسکے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق شریف، زرداری اور گیلانی خاندان کے تمام افراد اپنے حلقوں سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے، شریف خاندان کے تمام افراد میاں نوازشریف، اُن کے بھائی شہباز شریف، بیٹی مریم نواز اور بھتیجے حمزہ شہباز شریف نے لاہور کے مختلف حلقوں سے کامیابی حاصل کی، زرداری خاندان میں آصف زرداری، ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری، بہنیں فریال تالپور اور ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور بہنوئی منور علی تالپور نے سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کامیابی سمیٹی۔ گیلانی خاندان ملتان میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہا، یوسف رضا گیلانی، بیٹے علی موسیٰ گیلانی اور عبدالقادر گیلانی قومی اسمبلی کی نشستوں پر جبکہ بیٹا علی حیدر گیلانی پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے، الیکشن 2024 میں بعض اہم سیاسی خاندانوں کے افراد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی ملتان کے حلقے سے الیکشن میں کامیاب جبکہ بیٹی مہر بانو کو شکست ہوئی، جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پشین سے کامیاب ہوئے تاہم ان کے بیٹوں اسعد محمود اور اسجد محمود، اور بھائیوں مولانا لطف الرحمن اور ضیا الرحمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔الیکشن کے نتائج، ایک حد تک غیر متوقع قرار بھی دیئے جا سکتے ہیں اور نہیں بھی۔ یہ نتائج پاکستان تحریکِ انصاف اور اُس کے حامیوں کے لیے عین متوقع ہوں بلکہ پاکستان تحریکِ انصاف کی آخری اُمید اُن کے ووٹرز ہی تھے۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو یقین تھا کہ اُن کا ووٹر بڑی تعداد میں گھروں سے نکلے گا اور نتیجہ بدلنے کی صورت میں پارٹی کی مشکلات میں کمی آئے گی۔یہ نتائج مسلم لیگ ن اور اُس کے حامیوں کے لیے غیر متوقع ہیں، کیونکہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ مسلم لیگ ن اتنی نشستیں لے پائے گی کہ اُس کو حکومت سازی کے لیے کسی دوسری بڑی سیاسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت نہیں پڑے گی، مسلم لیگ ن کا خیال تھا کہ میاں نوازشریف کی واپسی سے پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہو جائے گی اور انتخابی نتائج بھی مختلف آئیں گے مگر یہ خیال پوری طرح درست ثابت نہ ہو سکا۔

Back to top button