خیبرپختونخوااور سندھ میں پولیو کے3کیس رپورٹ

خیبرپختونخوا اور سندھ سے پولیو کے تین نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا میں دو جبکہ سندھ میں ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے مطابق شمالی وزیرستان، لکی مروت اور عمرکوٹ سے یہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد رواں سال 2025 میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کمزور قوت مدافعت رکھنے والے بچوں کو نشانہ بناتا ہے۔ ویکسین سے محروم بچے نہ صرف اپنی صحت کے لیے، بلکہ دوسروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
ادارے نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ بار بار ویکسین پلوانا ہی اس موذی وائرس سے مکمل تحفظ کا واحد ذریعہ ہے۔
مزید برآں ادارے نے یہ بھی تاکید کی ہے کہ بچوں کو پیدائش سے 15 ماہ کی عمر تک حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروایا جائے تاکہ انہیں پولیو سمیت دیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
