بلوچستان،12مقامات پرحملے ناکام،67دہشت گردہلاک،10جوان شہید

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام بناتے ہوئے 67 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10جوان شہید ہو چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملوں کو روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کیں، فورسز نے دہشتگردوں کے تمام حملے ناکام بنادیئے۔
گزشتہ 2 دن میں پنجگور اور شعبان میں41 دہشت گرد مارے گئے تھے، بلوچستان میں جہنم واصل کیے جانے والے دہشگردوں کی مجموعی تعداد 108 ہو چکی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کے دہشتگردوں کے خلاف مزید آپریشنز جاری ہیں، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب دہشتگردوں نے 11 معصوم غریب بلوچ شہریوں کو بھی شہید کردیا۔ جن میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، اور یہ تمام افراد بلوچستان سے محنت مزدوری کے لیے گوادر آئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس گھناؤنے واقعہ میں ملوث تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
دہشتگردی کے ان ہولناک واقعات کے خلاف گوادر کے عوام میں شدید غم اور غصہ پایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گردونواح کے علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف مزید آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ واضح کرتا ہے کہ فتنہ الہندوستان بھارتی ایما پر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف سرگرم ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی ہے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر سمیت 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے منظم دہشتگرد حملوں کو ناکام بنانے اور 37 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم 88 سرکردہ دہشتگردوں کے خاتمے پر ارضِ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں امن کو درپیش خطرات کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائیوں پر اظہارِ تحسین کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے مختلف مقامات پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 700 سے زائد دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔
