ارفع کریم رندھاوا کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے

آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کا وقار بلند کرنے والی غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ارفع کریم رندھاوا کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
ارفع کریم رندھاوا نے کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی ذہانت کا لوہا منوایا۔ وہ 2 فروری 1995ء کو فیصل آباد کے نواحی گاؤں رام دیوالی میں پیدا ہوئیں اور صرف 9 سال کی عمر میں سافٹ ویئر سرٹیفیکیشن حاصل کر کے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔
2005ء میں مائیکرو سافٹ کارپوریشن نے ارفع کریم کو مائیکرو سافٹ ایپلی کیشنز سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز دیا۔ اس موقع پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے انہیں خصوصی طور پر امریکا مدعو کیا اور ان سے ملاقات بھی کی۔
ارفع کریم نے اپنی مختصر مگر شاندار زندگی میں فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور صدارتی تمغۂ حسنِ کارکردگی سمیت متعدد قومی اعزازات حاصل کیے۔ جنوری 2012ء میں اُس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کے نام سے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔
