Wasim Akram appointed President of PSL’s new team Sialkot Stallions
وسیم اکرم PSL کی نئی ٹیم سیالکوٹ اسٹیلینز کے صدربن گئے

لیجنڈ پاکستانی کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو پی ایس ایل کی ٹیم سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر مقرر کر دیا گیا، جبکہ ٹیم کے آفیشل لوگو کی بھی باضابطہ رونمائی کر دی گئی
لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں سابق کپتان محمد وسیم اکرم کو باقاعدہ طور پر سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر نامزد کیا گیا۔وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کرتے ہوئے ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیالکوٹ اسٹیلینز کو ایک مضبوط، کامیاب اور مثالی فرنچائز بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر سیالکوٹ اسٹیلینز کا آفیشل لوگو بھی پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔
تقریب میں سیالکوٹ اسٹیلینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین، ٹیم کے کو-اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد بھی شریک تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ اسٹیلینز پاکستان سپر لیگ میں جدید فیچرز متعارف کروانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو مزید بلند کرنے میں فعال کردار ادا کرے گی۔مزید برآں، الفا اوزی اسپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کرے گا، تاکہ پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔تقریب میں پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کی موجودگی نے ایونٹ کی اہمیت کو دوچند کر دیا۔ انہوں نے سیالکوٹ اسٹیلینز کے اس اقدام کو لیگ اور پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
