افغان شہری سمیت 4 افراد جعلی پاکستانی شہریت کیس میں گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک افغان شہری سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں صدیق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں۔ صدیق اللہ افغان شہری ہے جو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم یونس خان نے خود کو افغان شہری کے والد کے طور پر ظاہر کیا اور جعلسازی میں مرکزی کردار ادا کیا، جب کہ فیاض خان اور سمیع اللہ نے بطور گواہ اور تصدیق کنندگان جعلی کارروائی میں حصہ لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق صدیق اللہ کی پاکستانی شہریت کی غیر قانونی تصدیق کی گئی تھی۔ تمام ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
